خیبرپختونخوا حکومت کی ناقص کارکردگی، قبائلی اضلاع بنیادی سہولیات سے محروم
خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کی مبینہ ناقص کارکردگی کے باعث قبائلی اضلاع ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔ مقامی آبادی کے مطابق فنڈز کی عدم فراہمی اور انتظامی غفلت کی وجہ سے خطے کے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں۔
قبائلی اضلاع کے شہریوں نے اپنے ردعمل میں الزام عائد کیا ہے کہ صوبائی حکومت ان کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کو اپنی سیاسی کشمکش کی نذر کر رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان اضلاع کے ترقیاتی بجٹ کو صوبائی حکومت کے سپرد کرنے کے بجائے براہِ راست متعلقہ اضلاع کی سطح پر خرچ کیا جائے تاکہ شفافیت برقرار رہ سکے۔
عوام کے مطابق کرم، اورکزئی، مہمند اور باجوڑ سمیت تمام ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پینے کے صاف پانی، سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور صحت کے مراکز کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ بنیادی سہولیات کی مسلسل عدم دستیابی کے باعث مقامی آبادی سخت مایوسی کا شکار ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ انضمام کے بعد مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ چکے ہیں، اور ایسی صورتحال میں پرانے نظام کی بحالی سے ہی مقامی سطح پر فوری انصاف اور عوامی مسائل کے جلد حل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔