فسادی جتھے سے کارکنوں کی لاتعلقی، فہد عباسی کا علیحدگی کا اعلان
ریاست کا امن داؤ پر لگانے اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے بعد فسادی جتھے کو عوام کے ساتھ ساتھ اندرونی سطح پر بھی شدید ردعمل کا سامنا ہے، جہاں اس کے اپنے ہی کارندوں نے لاتعلقی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
فسادی جتھے کے اہم کارندے فہد عباسی نے کالعدم تنظیم اور نام نہاد تحریک سے باقاعدہ لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئندہ ان کا اس گروہ سے کوئی واسطہ نہیں رہے گا۔
فہد عباسی کا کہنا تھا کہ وہ بنیادی عوامی حقوق کے مطالبات کے پیش نظر کالعدم تنظیم سے وابستہ ہوئے تھے، تاہم وقت کے ساتھ یہ تحریک اپنے اصل اہداف سے یکسر بھٹک چکی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ فسادی جتھے کی حالیہ پرتشدد سرگرمیاں عوامی حقوق کے بجائے کھلی افراتفری اور انتشار کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔
انہوں نے عوام اور نوجوانوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ انتشار پھیلانے والے اس فسادی گروہ کا ایندھن بننے اور اس کا حصہ بننے کے بجائے اپنے اہل خانہ، روزگار، کاروبار اور مستقبل کے تحفظ پر توجہ مرکوز رکھیں۔