مسئلہ کشمیر جوہری فلیش پوائنٹ، حل عالمی امن کیلئے ناگزیر: وزیراعظم آزاد کشمیر

مسئلہ کشمیر جوہری فلیش پوائنٹ، حل عالمی امن کیلئے ناگزیر: وزیراعظم آزاد کشمیر

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک


مظفرآباد (نیوز ڈیسک): وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے وفد سے خصوصی نشست کے دوران مسئلہ کشمیر کو جنوبی ایشیا میں نیوکلیئر فلیش پوائنٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے اور دنیا کے پائیدار امن کے لیے اس کا پرامن حل ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ تنازع کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے بدترین مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کی۔

بھارت کے منفی کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی دہلی آزاد کشمیر میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے کے لیے پرتشدد اور شرپسند گروہوں کی مسلسل پشت پناہی کر رہا ہے۔ تاہم، کشمیری عوام نے ایسے تمام تخریبی عناصر کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور وہ اپنے حقوق و مسائل کے حل کے لیے جمہوری عمل اور منتخب نمائندوں پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے پاکستان کے ساتھ تعلق کی نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ محض جغرافیائی حدود تک محدود نہیں بلکہ اسلامی، نظریاتی اور روحانی بنیادوں پر استوار ہے۔ دونوں یک جان دو قالب ہیں اور پاکستان کے بغیر کشمیر کا تصور ادھورا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے عوام کی سماجی و معاشی فلاح، تعمیر و ترقی اور خوشحالی آزاد کشمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔