جنوبی خیبر پختونخوا: منشیات فروشوں اور اسلحہ برداروں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ
پشاور (نیوز ڈیسک): جنوبی خیبر پختونخوا کے شہریوں نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سرعام منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں منشیات فروشوں، اسمگلروں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں میں پائیدار امن کے قیام کے لیے نو منتخب بلدیاتی کونسلرز کو متحرک کیا جائے تاکہ وہ امن و امان کی بہتری میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد روزانہ کے دھرنوں، ریلیوں اور انتشار کا خاتمہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں پٹری پر واپس آ چکی ہیں۔ شہریوں کے مطابق امن کی بحالی سے معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، تاہم اب حکومت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مہنگائی پر بھی فوری قابو پانا چاہیے۔