لکی مروت: ڈی سی کا ٹی ایچ کیو اسپتال کا معائنہ، سہولیات کی بہتری کی ہدایت
خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبائی انتظامیہ نے مختلف اضلاع میں صحت کے شعبے کی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ صوبائی حکومتی ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لکی مروت شاہد رفیق نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال سرائے نورنگ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات، ایمرجنسی وارڈز اور ادویات کے اسٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کیں کہ دور دراز سے آنے والے مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوام کو صحت، صفائی اور دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو فیلڈ میں متحرک رہنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔