کے پی حکومت کی کارکردگی مایوس کن، قبائلی اضلاع مسائل کا شکار
پشاور: خیبرپختونخوا کے عوام نے صوبائی حکومت کی مجموعی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وعدے تاحال ادھورے ہیں جبکہ بنیادی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ شہریوں کے مطابق ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بڑھتی ہوئی بدامنی، بے قابو مہنگائی اور نامکمل ترقیاتی منصوبے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔
صوبے کے شہریوں نے صوبائی انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ خطے میں دہشت گردی کے مؤثر خاتمے اور پائیدار امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس فورس کو مکمل اختیارات دیے جائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت وفاق کی جانب سے حاصل ہونے والے فنڈز کو اب تک قبائلی اضلاع میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں استعمال کرنے میں ناکام رہی ہے۔ این ایف سی ایوارڈ کی مد میں خطیر فنڈز ملنے کے باوجود قبائلی اضلاع بدامنی، پسماندگی اور بے روزگاری کے گرداب میں پھنسے ہوئے ہیں۔
عوام نے صوبائی حکومت کی انتظامی اہلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ قبائلی علاقوں کی ترقی اور بحالی کے لیے مختص تمام تر فنڈز صوبائی حکومت کو دینے کے بجائے براہِ راست عوام تک پہنچائے جائیں، تاکہ خطے کی محرومیوں کا حقیقی ازالہ ممکن ہو سکے۔