آزادکشمیر کی داخلی خودمختاری اور ریاستی تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: سردار عتیق اور سردار یعقوب کا اتفاق

آزادکشمیر کی داخلی خودمختاری اور ریاستی تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: سردار عتیق اور سردار یعقوب کا اتفاق

Sep 10, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی: آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے سابق صدر و وزیراعظم آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں آزادکشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پونچھ دھرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں رکن اسمبلی فرزانہ یعقوب بھی شریک تھیں۔ دونوں سابق وزرائے اعظم نے واضح کیا کہ 19 جولائی 1947 کی قراردادِ الحاقِ پاکستان، کشمیر بنے گا پاکستان کے اصولی مؤقف، آزادکشمیر کی داخلی خودمختاری، موجودہ آئینی اختیارات اور ریاستی تشخص پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے فوری بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ دھرنے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے عام، محب وطن شہری شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں، جس پر حکومتِ پاکستان اور حکومتِ آزادکشمیر کو فوری توجہ دینی چاہیے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ احتجاج میں شامل جن افراد کے خلاف قانون کے مطابق جائز شکایات یا شواہد موجود ہوں، ان کے معاملات کو قانون کے تحت ہی نمٹایا جائے، تاہم مسائل اور جائز مطالبات سے جڑے عام شہریوں سے باوقار اور پرامن مذاکرات کیے جائیں۔ چند افراد کے جذباتی یا غیر قانونی رویے کی سزا پونچھ کے عام آدمی کو نہیں دی جا سکتی۔

سردار عتیق اور سردار یعقوب نے کہا کہ پونچھ کے عوام تاریخی طور پر محبِ وطن، آئین و قانون کے پابند اور پاکستان کے دفاع کی پہلی صف ہیں، ان پر بے جا سختیاں مثبت نتائج نہیں دے سکتیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں اشیائے خورونوش، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی ترسیل بلا تاخیر بحال کی جائے اور طلبہ کے تعلیمی حرج اور کاروباری سرگرمیوں کے نقصان کے پیشِ نظر انٹرنیٹ سروسز فوری بحال کی جائیں۔

دونوں رہنماؤں نے متنبہ کیا کہ ضلع پونچھ کے محب وطن شہریوں پر طاقت کے استعمال اور انتظامی جبر سے گریز کیا جائے، کیونکہ آزادکشمیر میں انتظامی یا سیاسی حکمت عملی کی معمولی سی غلطی بھی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگی۔ اس موقع پر پونچھ کے 16 لاکھ سے زائد عوام کو فوری طور پر جمہوری اور حکومتی عمل میں شامل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

Alternate Headlines

 * پونچھ دھرنا: طاقت کے استعمال سے گریز اور انٹرنیٹ فوری بحال کیا جائے، سردار عتیق اور سردار یعقوب کا مطالبہ

 * چند افراد کی غلطی کی سزا پونچھ کے عوام کو نہیں دی جا سکتی: سابق وزرائے اعظم آزادکشمیر