آزاد کشمیر میں ہڑتال کی کال بے اثر، کاروباری مراکز کھلے رہے، معمولاتِ زندگی بحال

آزاد کشمیر میں ہڑتال کی کال بے اثر، کاروباری مراکز کھلے رہے، معمولاتِ زندگی بحال

Sep 10, 2026|ویب ڈیسک

آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں ہڑتال کی کال کے باوجود معمولاتِ زندگی معمول کے مطابق جاری رہے، جہاں تجارتی مراکز کھلے رہے اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔

9 ستمبر کو خطے کے تمام اہم اضلاع میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہے جبکہ بازاروں اور تجارتی مراکز میں معمول کی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔

شہریوں اور تاجر برادری نے ہڑتال کی کال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ روزمرہ کے احتجاج، ہڑتالوں اور دھرنوں کی سیاست سے عام آدمی کے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید گھمبیر ہو رہے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا تھا کہ زبردستی دکانیں بند کرانے اور کاروباری سرگرمیاں روکنے سے سب سے زیادہ نقصان دہاڑی دار طبقے اور چھوٹے تاجروں کا ہوتا ہے۔

کاروباری حلقوں نے واضح کیا کہ تاجر برادری کسی بھی ایسے احتجاج یا بندش کا حصہ نہیں بنے گی جس سے خطے کے امن و امان اور معیشت کو نقصان پہنچے۔ شہریوں کا مؤقف تھا کہ مسائل کے حل کے لیے پرامن اور آئینی راستے موجود ہیں، اس لیے انتشار پیدا کرنے کے بجائے عوامی فلاح اور استحکام کو ترجیح دی جانی چاہیے۔