جی بی: پرائمری سطح کی تعلیم بتدریج خواتین اساتذہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ، اساتذہ بھرتیوں کی بھی منظوری

جی بی: پرائمری سطح کی تعلیم بتدریج خواتین اساتذہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ، اساتذہ بھرتیوں کی بھی منظوری

Sep 10, 2026|ویب ڈیسک

گلگت: گلگت بلتستان حکومت نے خطے کے تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے اہم اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے پرائمری سطح تک کا نظامِ تعلیم بتدریج خواتین اساتذہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے محکمہ سکول ایجوکیشن میں اصلاحات سے متعلق بریفنگ کے دوران ہدایت کی کہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے نئی ریکروٹمنٹ پالیسی کو فوری حتمی شکل دے کر شفاف بھرتیوں کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اساتذہ کی بھرتی کے عمل میں یونین کونسل کے بجائے گاؤں (ویلج لیول) کو ترجیح دی جائے تاکہ مقامی سطح پر تدریسی عمل متاثر نہ ہو۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ روشن مستقبل اور نئی نسل کی بہترین تربیت کے لیے پرائمری ایجوکیشن کو بتدریج خواتین اساتذہ کے سپرد کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری سکول ایجوکیشن ظفر وقار تاج کو ہدایت دی گئی کہ سکیل 1 سے 5 تک کی خالی اسامیوں پر مروجہ طریقہ کار کے تحت میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے ملازمین کے دیرینہ مطالبات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ٹائم سکیل اور ای ایس ٹی ترقیوں میں رکاوٹوں کے باعث پیدا ہونے والی مایوسی دور کرنے کے لیے قواعد میں ضروری ترامیم تجویز کر دی گئی ہیں، جن پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے زیر التوا منصوبوں کی تکمیل کے لیے جامع 'امبریلا پی سی ون' تیار کرنے اور اساتذہ کی ٹرانسفر و پوسٹنگ پالیسی پر نظرثانی کی بھی باقاعدہ ہدایت جاری کی۔