آزاد کشمیر: بارشوں کے تیسرے اسپیل میں تباہی، 3 جاں بحق، 212 مکانات متاثر

آزاد کشمیر: بارشوں کے تیسرے اسپیل میں تباہی، 3 جاں بحق، 212 مکانات متاثر

Jul 31, 2026|ویب ڈیسک

ایس ڈی ایم اے نے 14ویں رپورٹ جاری کر دی؛ باغ اور مظفرآباد شدید متاثر، مرکزی شاہراہیں ٹریفک کے لیے بحال

​مظفرآباد — آزاد کشمیر میں جاری بارشوں کے تیسرے اسپیل نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کی جانب سے جاری کردہ 14ویں رپورٹ کے مطابق بارشوں سے متعلق حوادث میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

​یکم جولائی سے اب تک جاری شدید برسات کے نتیجے میں ریاست بھر میں مجموعی طور پر 212 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں 58 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 154 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں مظفرآباد، باغ، نیلم، جہلم ویلی، سدھنوتی، کوٹلی اور میرپور شامل ہیں۔

متاثرہ اضلاع میں جانی و مالی نقصان کی تفصیلات

​مظفرآباد: بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد (3 مرد، 3 خواتین اور ایک بچہ) زخمی ہوئے۔ سیلابی ریلے میں 2 گاڑیاں بہہ گئیں اور 40 کلومیٹر طویل سڑکوں کا جال متاثر ہوا، جبکہ 24 مکانات کو نقصان پہنچا۔  

​باغ: ضلع باغ بنیادی ڈھانچے کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 28 مکانات مکمل اور 83 جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔ متعدد دکانیں اور مویشی بھی سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے۔  

​نیلم ویلی: تیز رفتار سیلابی ریلے 16 پیدل پل بہا لے گئے، جبکہ ایک مسجد مکمل اور دو اسکول جزوی طور پر تباہ ہوئے۔

​جہلم ویلی: موسلادھار بارش کی وجہ سے مزید 4 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

​ایس ڈی ایم اے کی اہم ہدایت: آزاد کشمیر کی تمام مرکزی شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، تاہم مسافروں کو دوران سفر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے موسم کی صورتحال

​ایس ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔