یومِ دفاع و شہداء: خیبر پختونخوا بھر میں پروقار تقریبات، شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت

یومِ دفاع و شہداء: خیبر پختونخوا بھر میں پروقار تقریبات، شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت

Sep 7, 2026|ویب ڈیسک

یومِ دفاع و شہداء: خیبر پختونخوا بھر میں پروقار تقریبات، شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت



• پشاور میں شاندار عسکری نمائش، خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں پاک فوج کے حق میں ریلیاں

• یومِ دفاع: میرانشاہ، کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں یادگارِ شہداء پر پرچم کشائی اور حاضری




پشاور: یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر خیبر پختونخوا بھر میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عوام نے شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاک فوج کے ساتھ بھرپور محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔


شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں یادگارِ شہداء پر پرچم کشائی کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر جی او سی میرانشاہ، جی او سی کوہاٹ اور جی او سی ڈی آئی خان نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ ان تقریبات میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، پولیس افسران اور شہداء کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقامی کمانڈرز اور عمائدین نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔


صوبے کے مختلف تعلیمی اداروں اور اسکولوں میں بھی پرچم کشائی کی گئی اور خصوصی اسمبلیاں منعقد ہوئیں جن میں مقامی کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں، خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پرجوش ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔


یومِ دفاع کی مناسبت سے پشاور گیریژن کے کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں پاک فوج کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی نمائش کا بھی شاندار انعقاد کیا گیا۔ نمائش میں شہریوں، بالخصوص نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور شرکت کی اور پاک فوج کے مختلف شعبوں کی جانب سے لگائے گئے عسکری اسٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔


تقریبات، ریلیوں اور دفاعی نمائش میں عوام کی بے مثال شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام اپنے شہداء اور مسلح افواج سے بے پناہ محبت اور غیر متزلزل عقیدت رکھتے ہیں۔