آزاد کشمیر: پاکستانی پرچم لہرانے پر دو نوجوان اغوا، راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی ناکہ بندیاں
آزاد جموں و کشمیر کے ضلع راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر نے نظریہ پاکستان کی حمایت اور قومی پرچم لہرانے کے پاداش میں دو نوجوانوں کو اغوا کر لیا ہے۔ 13 اگست کو راولپنڈی سے راولاکوٹ سفر کے دوران سردار زاہد اور سردار اکرم منصف کو رہاڑہ کے مقام پر روکا گیا اور مبینہ طور پر زبردستی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
مغوی نوجوانوں کے لواحقین کی اپیل اور سیکیورٹی اداروں سے رجوع
مغوی نوجوانوں کے اہلخانہ نے ابتدائی طور پر مقامی جرگوں اور معززین کے ذریعے بازیابی کی کوششیں کیں، تاہم ناکامی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی گئی ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی ادارے دونوں نوجوانوں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائیں اور ملوث مسلح عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
راولاکوٹ اور مضافات میں غیر قانونی ناکہ بندیاں
اہم شاہراہوں پر بندش: کالعدم تنظیم کے مسلح نقاب پوشوں نے رہاڑہ، ڈی چوک راولاکوٹ، کھائی گلہ اور تولی پیر روڈ پر غیر قانونی ناکے قائم کر رکھے ہیں۔
شہریوں کی تذلیل اور دھمکیاں: دفاعی ماہرین کے مطابق ناکوں پر نظریہ پاکستان کے حامی شہریوں کی تلاشی، تذلیل اور گھروں کو نذرِ آتش کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
گھروں پر چھاپے: مضافاتی علاقوں میں حب الوطن شہریوں اور ان کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے