راولاکوٹ احتجاج: واپسی کے خواہشمند افراد کو دھمکیاں، آزاد کشمیر پولیس نے سہولت مراکز قائم کر دیے

راولاکوٹ احتجاج: واپسی کے خواہشمند افراد کو دھمکیاں، آزاد کشمیر پولیس نے سہولت مراکز قائم کر دیے

Jun 15, 2026|ویب ڈیسک

*مظفرآباد/راولاکوٹ:* آزاد جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم قرار دی گئی ایک تنظیم سے وابستہ عناصر احتجاجی سرگرمیوں سے الگ ہونے اور اپنے گھروں کو واپس جانے والے افراد کو مبینہ طور پر ڈرانے دھمکانے میں ملوث ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق، احتجاج چھوڑ کر واپس جانے کے خواہشمند افراد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی گرفتاریوں کی اطلاعات بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہیں۔

آئی جی پولیس کا سفری سہولت فراہم کرنے کا اعلان

آئی جی آزاد جموں و کشمیر پولیس نے اعلان کیا ہے کہ احتجاجی مقام سے اپنے گھروں کو واپس جانے کے خواہشمند افراد کو سفری سہولیات اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق راولاکوٹ میں خصوصی *سہولت مراکز* قائم کیے گئے ہیں جہاں شہری پولیس سے رابطہ کر کے اپنی محفوظ واپسی کے لیے معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔

عوام احتجاج چھوڑ کر واپس جا رہے ہیں، پولیس

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع سے آنے والے بعض افراد احتجاجی قیادت کے طرز عمل اور مبینہ شرپسندانہ سرگرمیوں سے مایوس ہو کر واپس جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو سوشل میڈیا کے ذریعے دھمکانے اور دباؤ ڈالنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم پولیس ان کی حفاظت اور محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

شہری بلا خوف و خطر واپس جا سکتے ہیں

آزاد کشمیر پولیس نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ اپنے گھروں کو واپس جانے والے افراد کسی قسم کے خوف یا دباؤ کا شکار نہ ہوں اور پولیس کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے محفوظ طریقے سے اپنے علاقوں میں واپس جا سکتے ہیں۔