وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی امن و امان اجلاس، ریاستی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی امن و امان اجلاس، ریاستی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

Jun 10, 2026|ویب ڈیسک

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر *فیصل ممتاز راٹھور* کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں ریاست بھر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سرکاری املاک کی حفاظت سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزراء حکومت *چوہدری محمد رفیق نیر، سید بازل علی نقوی اور چوہدری قاسم مجید* نے شرکت کی، جبکہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری، ڈی آئی جیز، کمشنر مظفرآباد اور مختلف اضلاع کے سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران آئی جی پولیس نے وزیراعظم کو ریاست میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، سیکیورٹی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارروائیوں میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور *طاقت کا استعمال صرف شرپسند عناصر کے خلاف کیا جائے*، جبکہ عام شہریوں کے جان و مال اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ *عام شہریوں کا موجودہ صورتحال سے کوئی تعلق نہیں* اور ریاست میں امن و استحکام برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند عناصر کی ہٹ دھرمی اور غیر دانشمندانہ رویوں کے باعث حالات میں کشیدگی پیدا ہوئی، تاہم حکومت قانون کی بالادستی اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے خطاب میں کہا کہ *نظریہ پاکستان اور الحاقِ پاکستان کے خلاف سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں* اور ریاست میں پاکستان مخالف کسی بھی ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کہا کہ *افواجِ پاکستان کشمیری عوام کی محافظ فوج ہے* اور ریاست کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر امن و امان کی صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری رکھنے، بین الادارہ جاتی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔