آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں 27 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان

آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں 27 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان

Jul 25, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد / مظفرآباد — آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی سفارش پر حکومتِ آزاد کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے پیشِ نظر 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں عام تعطیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔


محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ تعطیل صرف میرپور ڈویژن کی حدود تک محدود رہے گی تاکہ شہری بآسانی اپنے جمہوری حق کا استعمال کر سکیں۔


45 انتخابی حلقوں میں 38 لاکھ سے زائد ووٹرز کا فیصلہ

الیکشن انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، آزاد کشمیر کے مجموعی 45 انتخابی حلقوں میں 38 لاکھ 4 ہزار 385 ووٹرز درج ہیں جو اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔


مقامی اور مہاجرین کی نشستوں کے اعداد و شمار

مقامی انتخابی حلقے (33 نشستیں): مجموعی ووٹرز کی تعداد 33 لاکھ 65 ہزار 839 ہے، جن میں 17 لاکھ 53 ہزار 933 مرد اور 16 لاکھ 11 ہزار 906 خواتین شامل ہیں۔


پاکستان میں مقیم مہاجرین (12 نشستیں): کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 546 ہے۔


جموں کی 6 نشستیں: 4 لاکھ 4 ہزار 948 ووٹرز رجسٹرڈ۔


وادی کشمیر کی 6 نشستیں: 33 ہزار 598 ووٹرز درج۔


ووٹرز کی تعداد کے لحاظ سے آزاد کشمیر کے سب سے بڑے حلقے

ایل اے-7 بھمبر تھری: 1 لاکھ 29 ہزار 994 ووٹرز کے ساتھ ریاست کا سب سے بڑا حلقہ۔


ایل اے-31 مظفرآباد فائیو: 1 لاکھ 28 ہزار 177 ووٹرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر۔


ایل اے-23 پونچھ و سدھنوتی سکس: 1 لاکھ 26 ہزار 308 ووٹرز کے ساتھ تیسرا بڑا حلقہ۔


انتخابی انتظامیہ کے انتظامات مکمل

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز پر عملے کی تعیناتی اور انتخابی مواد کی ترسیل کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بغیر کسی خوف و ہراس کے مقررہ وقت پر پولنگ اسٹیشنز پہنچ کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں