1965ء کی جنگ کا دسواں روز: پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی، قصور اور سیالکوٹ میں بھارتی افواج کو بھاری نقصان

1965ء کی جنگ کا دسواں روز: پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی، قصور اور سیالکوٹ میں بھارتی افواج کو بھاری نقصان

Sep 10, 2026|ویب ڈیسک

ستمبر 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دسویں روز پاکستانی مسلح افواج نے زمینی، فضائی اور سمندری محاذوں پر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان سے دوچار کیا۔

قصور سیکٹر میں پاکستانی افواج نے شدید جوابی وار کرتے ہوئے بھارتی دستوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ دوسری جانب جموں سے سیالکوٹ کی سمت پیش قدمی کی کوشش کرنے والی بھارتی فوج کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جہاں پاک فوج کی تابڑ توڑ کارروائیوں میں دشمن کے مزید 7 جدید سینچورین ٹینک تباہ کر دیے گئے، جس کے بعد اس سیکٹر میں تباہ ہونے والے بھارتی ٹینکوں کی مجموعی تعداد 42 تک پہنچ گئی۔

لاہور کے محاذ پر بھی پاک فوج کے جوانوں نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ سے بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرائے۔ اسی دوران بھارتی زمینی فوج کی مدد کے لیے آنے والے ایک اور لڑاکا طیارے کو پاک فضائیہ نے فضا میں ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔

ادھر دراس سیکٹر میں مجاہدین نے کارروائی کرتے ہوئے مرال آباد کے مقام پر بھارتی فوج کے مضبوط ٹھکانے تباہ کر دیے۔ بحری محاذ پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے مشترکہ دباؤ، بالخصوص دوارکا اور جام نگر کے بحری و فضائی اڈوں کی تباہی کے بعد بھارتی بحریہ بحیرۂ عرب میں اپنی سرگرمیاں محدود کرنے پر مجبور ہو گئی، جس سے بھارتی عسکری صفوں میں شدید مایوسی پھیل گئی۔