اسپانٹک پیک: کوہ پیما ڈاکٹر اسماء کی میت سکردو منتقل، وزیر اعلیٰ کا پاک فوج اور ریسکیو اداروں سے اظہارِ تشکر
ڈاکٹر اسماء مشتاق کی میت بیس کیمپ سے منتقل، کوہ پیمائی کے ایس او پیز کا جائزہ لے رہے ہیں: وزیر اعلیٰ جی بی
دشوار گزار ریسکیو آپریشن مکمل، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا شگر کے رضاکاروں اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے اسپانٹک پیک کے بیس کیمپ سے معروف کوہ پیما ڈاکٹر اسماء مشتاق کی میت سکردو منتقل کرنے کا کٹھن ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس انتہائی دشوار گزار آپریشن میں حصہ لینے والے تمام ادارے اور بالخصوص شگر کے مقامی رضاکار داد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں کوہ پیمائی کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت اور مؤثر ریسکیو آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے موجودہ ایس او پیز (SOPs) پر نظرثانی کی جا رہی ہے تاکہ ہنگامی حالات سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ امجد حسین نے مرحومہ ڈاکٹر اسماء مشتاق کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔